نئی دہلی،12/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت پرآئے بحران کے درمیان وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا ہے کہ وہ اسمبلی میں اعتمادکاووٹ حاصل کرنے کے لیے تیارہیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسمبلی اسپیکر سے وقت مقرر کرنے کے لیے کہاہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے طے کیا ہے اعتماد کا ووٹ حاصل کروں گا۔براہ مہربانی اس کے لیے وقت مقررکیاجائے۔آپ کو بتا دیں کہ کمارسوامی نے یہ بات جمعہ کو شروع ہوئے اسمبلی بجٹ اجلاس کے دن کہی ہے۔اوراسی دن سپریم کورٹ میں بھی کرناٹک میں باغی ممبران اسمبلی کو لے کر سماعت ہوئی ہے۔جس کوسپریم کورٹ نے منگل تک صورتحال برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ نے چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس دیپک گپتا اور جسٹس انروددھ بوس کی بنچ نے یہ حکم دیا ہے۔بنچ کرناٹک کے سیاسی بحران کو لے کر دائر درخواستوں پر سماعت کر رہی ہے۔بنچ نے اپنے حکم میں خاص طور پر اس بات کا ذکر کیا کہ کرناٹک اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار ان باغی اراکین اسمبلی کے استعفیٰ اور نااہلی کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں لیں گے تاکہ معاملے کی سماعت کے دوران اٹھائے گئے وسیع مسائل پر عدالت فیصلہ کر سکے۔بنچ نے اپنے حکم میں اس حقیقت کا بھی ذکر کیا ہے کہ صدر اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت باغی ممبران اسمبلی کی طرف سے دائر درخواست کے غورکا مسئلہ بھی اٹھایا ہے۔بنچ نے یہ بھی کہا کہ باغی ممبران اسمبلی کی جانب سے سینئر وکیل مکل روہتگی نے صدر کی اس دلیل کو ردکیا ہے کہ حکمران اتحاد کے ممبران اسمبلی کے استعفی کے مسئلہ پر غور کرنے سے پہلے ان کی نااہلی کے معاملے پر فیصلہ لینا ہوگا۔بنچ نے کہا کہ ان تمام پہلوؤں اور ہمارے سامنے موجود ناقص حقائق کی وجہ سے اس معاملے میں آگے سننے کی ضرورت ہے۔